اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے بطور صدر ایک سو چونتیس غیر ملکی دورے کئے جبکہ نواز شریف نے ایک ارب چوراسی کروڑ روپے بیرون ملک دوروں پرخرچ کیے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری نے بطور صدر ایک سو چونتیس غیر ملکی دورے کئے۔
آصف زرداری کے دوروں پر ایک ارب بیالیس کروڑ روپےخرچ ہوئے۔ زرداری بطور صدر دبئی اکیاون بار گئے، اڑتالیس دورے ذاتی نوعیت کے تھے۔ دبئی کے دوروں پردس کروڑ روپےخرچ ہوئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ نوازشریف بطور وزیراعظم دو سو باسٹھ دن ملک سے باہر رہے۔ نوازشریف نے چارسال میں ایک ارب چوراسی کروڑ روپے بیرون ملک دوروں پرخرچ کیے۔
نوازشریف نے دوروں کے دوران تقریباً تین کروڑ روپے بطور ٹپ دیئے، چھ کروڑ روپے تحائف پر خرچ کئے۔ نوازشریف نے چارسال میں لندن کے چوبیس دوروں پربائیس کروڑ انتالیس لاکھ روپے خرچ کئے۔
نوازشریف نے سرکاری خرچ پر لندن کے بیس ذاتی دورے کئے۔ سعودی عرب بارہ مرتبہ گئے، سترہ کروڑ روپے خرچ کئے۔ پی آئی اے کے جہاز کو ان دوروں پر کتنا نقصان ہوا وہ ان میں شامل نہیں۔
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے سابق وزیر خواجہ آصف اہم وزارتوں پر براجمان رہنے کے ساتھ ساتھ ایک کمپنی میں بطور ایڈ وائزر بھی کام کرتے تھے اور اس کمپنی سے 15سے 20لاکھ تنخواہ لیتے تھے، خواجہ آصف نے حلف کی پاسداری نہیں کی، کابینہ نے ایف آئی اے کوخواجہ آصف کے معاملے پر تحقیقات کرنے کا کہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یوسف گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی کے دوروں کی تفصیلات بھی دینگے۔ عمران خان امریکی صدر ٹرمپ کی دعوت پرامریکا جارہے ہیں۔
امریکی صدر کی دعوت پرعمران خان امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں رہیں گے، پاکستانی تاریخ میں کبھی کسی نے اتنے کم خرچ میں امریکا کا دورہ نہیں کیا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا سیکیورٹی اسٹاف امریکا میں تھری اسٹار ہوٹل میں رہے گا۔