ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم کے لاہور جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مینار پاکستان میں سیاسی مداری جمع ہو گئے ہیں لیکن لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے سیاسی مداری ایک بار پھر اکٹھے ہو گئے، یہ عوام کو جھوٹے نعروں سے دھوکا دینے نکلے ہیں، لیکن عوام ان کھوکھلے اور جھوٹے نعروں کی حقیقت جان چکے ہیں۔
انھوں نے کہا عوام ان چوروں لٹیروں کے ہاتھوں بے وقوف بننے کے لیے تیار نہیں، 70 سال بعد قوم کو عمران خان کی شکل میں ایمان دار قیادت میسر آئی، لیکن اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ترقی کا یہ سفر جاری رہےگا۔
پی ڈی ایم نے اپنی قبر خود کھود دی: شیخ رشید
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کرونا کی شدید لہر میں جلسے منعقد کرنے والے عوام کے کیسے خیر خواہ ہو سکتے ہیں، پی ڈی ایم جلسے کر کے قیمتی انسانی جانوں سے کھیل رہی ہے، ماضی میں باریوں کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا۔
انھوں نے مزید کہا چوروں کا ٹولہ اپنے لوٹ کے مال کو بچانے کے لیے عوام کو استعمال کرنا چاہتا ہے، لیکن لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ مینار پاکستان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ جاری ہے، حکومت مخالف اتحاد کے مینارِ پاکستان میں جلسے کو تاریخ ساز قرار دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ہزاروں کی گنجائش والے یادگارِ پاکستان پر 11 جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم جلسے میں 10 ہزار افراد بھی شرکت نہ کر سکے۔