ملتان : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خان صاحب کا خوف حکمرانوں کو سونے نہیں دیتا، پی ڈی ایم اتحاد میں یکسوئی نظر نہیں آرہی۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ایک عرصے تک ملک پر حکمرانی کی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے صرف ساڑھے3سال حکومت کی جس میں دو سال کورونا وائرس بھی تھا، ایک سازش کرکے عمران خان کو ہٹا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار پر ن لیگ کا یقین ہوگا مگر قوم اور صنعت کاروں کو ان پر اعتماد نہیں، پنجاب میں ان کی حکومت رہی ہے آج مریم نواز کیا نیا پیغام لائی ہیں؟
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں رول آف لاکی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، تحریک انصاف کے دورمیں کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا گیا، پی پی،ن لیگ رہنماؤں پر مقدمات دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر قائم کئے۔
رہنماپی ٹی آئی نے کہا کہ عوام ان کی چالوں میں نہیں آئیں گے،حکومت کو بہت سمجھایا،مگر حکومت ضد اور ہٹ دھرمی پر اتری ہوئی ہے، اگر یہ ہٹ دھرمی اب بھی ختم نہ کی تو بڑا نقصان ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو افراتفری سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں، ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا،بہتر مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی،پی ٹی آئی قانون اور آئین کےدائرے میں رہ کرسیاسی جدوجہد کررہی ہے،
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف افراتفری نہیں چاہتی، ہم پر امن احتجاج کررہے ہیں، حکومت کی توجہ عوامی مسائل حل کرنے کی طرف نہیں، پی ڈی ایم کی حکومت ہر شعبے میں ناکام ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اتحاد میں یکسوئی نظرنہیں آرہی، صرف عمران خان کیخلاف بغض میں یکسوئی دکھائی دے رہی ہے، ملک میں 64فیصد اسمبلی کی نشستیں خالی ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 11دن بعد اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں کیا جارہا، امپورٹڈ حکمران اور الیکشن کمیشن ماورائے آئین اقدامات کررہے ہیں، ملکی معیشت تباہی کے راستے پر جارہی ہے، ڈالر ناپید ہوچکا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روپے کی قدر روز بروز گررہی ہے، ڈالرکی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے، مہنگائی کا ایک بہت بڑا طوفان سر اٹھائے کھڑا ہے اور ن لیگی حکومت کے دو وزراء ایک دوسرے پر نااہلی کے الزامات لگارہے ہیں۔