اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تہمینہ جنجوعہ خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں تہمینہ جنجوعہ کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تہمینہ جنجوعہ بااصول سیکریٹری خارجہ رہیں.
وزیر خارجہ نے کہا کہ تہمینہ جنجوعہ خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں اور ان کا کردار قابل تعریف ہے.
خیال رہے کہ تہمینہ جنجوعہ کو فروری 2017 میں سیکریٹری خارجہ مقرر کیا گیا تھا، وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی ملک کی تاریخ کی پہلی خاتون تھیں۔
مزید پڑھیں: سی پیک سے خطے میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے: تہمینہ جنجوعہ
اس عہدے پر فائز ہونے سے قبل وہ اقوام متحدہ کے جنیوا آفس میں پاکستان کی مستقل مندوب کے طور پر کام کر رہی تھیں، وہ اٹلی میں بطور پاکستانی سفیر کے فرائض انجام دیتی رہیں۔
2011 میں اٹلی میں بطور سفیر تعیناتی سے قبل وہ اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ بھی رہیں۔ ان کا شمار اپنے شعبے کے بااثر ترین خواتین اور بہتر منتظمین میں ہوتا تھا.