تازہ ترین

آئینی راستہ اپنا کر دوبارہ عوام میں جائیں گے، شاہ محمود قریشی

راولپنڈی : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم آئین اور قانون کا راستہ اپنا کر دوبارہ عوام میں جائیں گے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل کہہ رہے تھے کہ ملک کو دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ الیکشن ہی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ حکومت الیکشن کرانے کیلئے بالکل تیار نہیں، ان کی اپنی صفوں میں بھی اتحاد نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بالکل بھی مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہے ہم نے بھرپور کوشش کی یہ لوگ مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں لیکن بات چیت کیلئے تیار نہیں ہوتے۔،

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ صاف شفاف الیکشن کا مطالبہ آئین و قانون کے دائرے میں کررہے ہیں، ہم نے کسی بھی مقام پر قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ ہوتی جارہی ہے، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا رسک100فیصد تک چلا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ آئین و قانون کا راستہ اپنا کر عوام میں جائیں گے، سمجھتے ہیں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی سے پہلے ہی استعفے دے چکی ہے، اب صوبائی اسمبلیوں سے بھی الگ ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تمام صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمنٹری پارٹی سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مارچ کینسل نہ کرتا تو اگلے دن تباہی ہونا تھی اسی لیے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے، ملک میں تباہی مچانے سے بہتر ہے ہم اس نظام کا حصہ نہ رہیں۔

Comments

- Advertisement -