تازہ ترین

ایک بار پھر آئین پر حملہ کیا جا رہا ہے، من پسند قانون سازی نہیں چلنے دیں گے، شاہ محمود قریشی

لاہور: تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر آئین پر حملہ کیا جا رہا ہے ، ملک میں من پسند قانون سازی نہیں چلنے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھ پر الزام ہے میں نے لوگوں کو اکسایا، میں اکسانےوالوں میں سےنہیں سمجھانےوالوں میں سے ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ کل کورکمیٹی میٹنگ میں سپریم کورٹ کیس کی آپ بیتی بیان کی، مطالبہ کیا جارہا تھا کہ فل کورٹ بنائیں، چیف جسٹس نے رولز اور قوانین کے تحت 3 رکنی بینچ بنایا، اٹارنی جنرل درخواست کرتے رہیں لیکن موقف پیش نہیں کرسکے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ کیس کا آغاز ہوچکا ہے،پیر کو دوبارہ سماعت ہوگی، علی ظفر نے عدالت میں ہمارا نقطہ نظر پیش کردیاہے، ہم چاہتے ہیں سب آئین پر عمل کریں۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر آئین پر حملہ کیاجارہاہے، آئین کے دفاع کیلئے وکلا اور ججز کے ساتھ کھڑے ہیں، آئین کے دفاع میں ہم ساتھ دیں گے۔

الیکشن ملتوی کیس کی سماعت کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اعتزازاحسن اورسینیٹرلطیف کھوسہ سے اتفاق کرتاہوں، اعتزازاحسن اور لطیف کھوسہ نے آئین کوسامنے رکھ کرموقف دیا ، پی ٹی آئی نے ہمیشہ آئین کا دفاع کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیف جسٹس نے گزشتہ روز دو ٹوک اور واضح فیصلے کیے، پیپلزپارٹی ہمیشہ آئین کی بات کرتی تھی اب کیوں خاموش ہیں؟

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ عمران خان نے مجھے اور پرویزالٰہی کو ذمہ داری سونپی ہیں، ہم مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، ایم ڈبلیو ایم کی قیادت سے ہم نے رابطہ کیا ہے، کل کراچی جاؤں گا اور جی ڈی اے کی قیادت اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کروں گا اور تحریک انصاف کا موقف ان کے سامنے پیش کروں گا، دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کرنےکاارادہ رکھتے ہیں۔

مہنگائی کی صورتحال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہے ، آٹے کے حصول کےلیے لائنیں لگی ہوئی ہے، لوگوں کی زندگیاں ختم ہورہی ہے ، پولیس گرفتاریوں پر لگی ہے چور سرعام پھر رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -