کراچی: ’’شاہ میر 13 سال بعد پیدا ہوا تھا‘‘ ٹریفک حادثے میں 6 ماہ کے بچے کی دردناک موت پر والد نے دل کا درد ظاہر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی، ناصر کالونی میں ٹریفک حاثے کے نتیجے میں 6 ماہ کے بچے کے جاں بحق ہونے کا درد ناک واقعہ پیش آیا تھا، 22 وہیلر کے نیچے کچل کر جاں بحق ہونے والا چھ ماہ کا بچہ والدین کا اکلوتا اور 13 سال بعد پیدا ہوا تھا۔
بچے شاہ میر کے والد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں درد ناک واقعے سے متعلق بتایا۔ جاں بحق بچے کے والد عبدالحمید نے ٹریفک اہل کاروں اور ضلعی انتظامیہ کو قصور وار قرار دیا اور کہا ’’حادثہ ناصر کالونی میں ہفتے کو پیش آیا تھا، شاہ میر تیرہ سال بعد پیدا ہوا تھا جو میری اکلوتی اولاد تھا، ہم سردیوں کے کپڑے لینے جا رہے تھے۔‘‘
عبد الحمید نے کہا ’’سڑک خراب تھی، جس کے باعث میری بائیک نے توازن کھو دیا، اور میرا بیٹااپنی والدہ کی گود سے گر گیا، اور عقب سے آنے والا ٹریلر بیٹے کے اوپر چڑھ گیا۔‘‘
بچے کے والد کا کہنا تھا کہ ایک تو سڑک خراب تھی اور دوسرا یہ کہ ہیوی ٹریفک کو چھوڑا گیا تھا، کچھ پیسوں کی خاطر ٹریفک والے ہیوی ٹریفک چھوڑ دیتے ہیں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ جتنی سڑک نہیں ہے، اس سے زیادہ رقبے پر نرسری بنائی گئی ہے، جب کہ جائے حادثہ کے قریب مکینک نے بھی آدھی سڑک پر گاڑیاں کھڑی کر رکھی ہیں، اور لوگ سارا دن اس سڑک پر رانگ وے سے بھی آتے رہتے ہیں۔