ممبئی : بھارتی فلم انڈسدٹری کے نامور اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ کاجول کی جوڑی کسی بھی فلم کی کامیابی تصور کی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ فلمساز ان پر فلمائے جانے والے گانوں کی عکسبندی پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔
فلمی شائقین کو یاد ہوگا کہ کنگ خان اور کاجول کی فلم ’دل والے‘ نے سال 2015 میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے تھے اور اس فلم کے گانے گیروا نے اس جوڑی کے مداحوں کو مزید دیوانہ کردیا تھا۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ گیروا گانے کی عکسبندی کس پُرفضا مقام پر کی گئی تھی اور خصوصی طور پر اس مقام کو چنا گیا تھا۔
یہ گانا ریلیز ہوتے ہی زبان زد عام ہوگیا تھا، اس گانے کی دنیا کے سیاہ ساحلوں میں سب سے خوبصورت ترین ساحل ویک بیچ کے مقام پر عکسبند کیا گیا تھا۔ یورپی ملک آئس لینڈ کے گاؤں ویک میں موجود اس دلکش ساحل کی ریت کا رنگ مکمل طور پر سیاہ ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق شمالی بحراوقیانوس کے برفانی سمندر میں موجود آتش فشاؤں سے نکلنے والا گرم لاوا سمندر کے انتہائی ٹھنڈے درجہ حرارت کے ساتھ مل کر چھوٹے ٹکڑوں کی شکل اختیار کر جاتا ہے، اسی لیے ’’ویک‘‘ ساحل کی ریت کا رنگ سیاہ ہے۔
کئی بین الاقوامی سیاحتی جریدوں نے ’’ویک بیچ‘‘ کو دنیا کے ٹاپ ٹین ساحلوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ مختلف اقسام کے سفید اور رنگین سمندر پرندے ’’ویک‘‘ ساحل پر شاندار منظر پیش کرتے ہیں۔
بولی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان اور کاجول کی فلم ’’دل والے‘‘ کے مقبول گیت ’’گیروا‘‘ کے کچھ مناظر ’’ویک بیچ‘‘ پر عکسبند کیے گئے تھے اوریہ گانا معروف بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ اور انتارا مترا نے گایا تھا۔