ممبئی: ہندو انتہاء پسندوں نے بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کو غدار قرار دیتے ہوئے اُن کی نئی آنے والی فلم رئیس کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہندو انتہاء پسندوں نے پاکستانی فنکاروں کی آڑ میں اپنے ہی ملک کے مسلمان اداکاروں کو تعصب کا نشانہ بنانا شروع کردیا، بھارتیہ جنتا پارٹی بالی ووڈ کے کنگ خان کی نئی آنے والی فلم رئیس کے خلاف کھل کر میدان میں آگئی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے جنرل سیکریٹری کیلاش وجے ورگیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ میں کنگ خان کو غدار قرار دیتے ہوئے اُن کی نئی آنے والی فلم رئیس کے بائیکاٹ اور ہرتھیک کی فلم کابل کی حمایت کا اعلان کیا۔
जो #Raees देश का नहीं, वो किसी काम का नहीं।
और एक #Kaabil देशभक्त का साथ, तो हम सभी को देना ही चाहिए। pic.twitter.com/S5ufpuQTPJ
— Kailash Vijayvargiya (@KailashOnline) January 21, 2017
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ’’جورئیس ملک کا نہیں وہ ہمارے کسی کام کا نہیں جبکہ ’’کابل‘‘ محب وطن ہے جس کا ساتھ پورے ہندوستان کو دینا چاہیے‘‘۔
یاد رہے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے شاہ رخ خان کی فلموں ’’دل والے ‘‘ اور ’’فین‘‘ کا بائیکاٹ بھی کیا گیا تھا تاہم ایک بار پھر بے جے پی کے انتہاء پسند کنگ خان کی مخالفت میں کھڑے ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ فلم رئیس کی نمائش رواں ماہ کی 25 تاریخ کو کی جائے گی جس میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ کنگ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ اسی روز ہریتھک روشن کی فلم کابل بھی ریلیز کی جارہی ہے۔
بالی ووڈ کے کنگ خان نے حالیہ دنوں دیے جانے والے انٹرویو میں ماہرہ کی صلاحیتوں اور اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے نئی اداکارہ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور میں اُن کا مستقبل بہت روشن دیکھ رہا ہوں۔