ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ کے کلپس کی صورت میں مناظر لیک کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ‘ کی جانب سے ممبئی پولیس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کروائی گئی۔
ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فلم ’جوان‘ کے کچھ مناظر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا جو کہ کاپی رائٹس قوانین کی خلاف ورزی ہے، لیک مناظر کے ذریعے فلم کی کاسٹ اور میوزک کو منظرِ عام پر لایا گیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ سُپر اسٹار کی فلم کے کچھ مناظر لیک ہو کر سوشل میڈیا کی زینت بنے۔ اس سے قبل اپریل میں دہلی ہائی کورٹ نے ایک درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے فلم کے لیک شدہ مناظر کو سوشل میڈیا، نیوز ویب سائٹس، ٹی وی کیبل اور دیگر جگہوں سے ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔
ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے شوٹنگ کے دوران فنکاروں اور عملے کے موبائل فون و دیگر ریکارڈنگ ڈیوائس ساتھ لانے پر پابندی عائد کی تھی۔
فلم ’جوان‘ کے ڈائریکٹر ایٹلی ہیں جبکہ سپُر اسٹار کی اہلیہ گوری خان اس پروجیکٹ کی پروڈیوسر ہیں۔ اسے دنیا بھر کے سنیما گھروں میں 7 ستمبر 2023 کو ہندی، تامل اور تیلگو زبان میں سنمائش کیلیے پیش کیا جائے گا۔
توقع ہے کہ یہ فلم ‘پٹھان‘ کی طرح ریکارڈ توڑ بزنس کرے گی تاہم اگر اس طرح فلم کے کلپس لیک ہو کر سوشل میڈیا کی زینت بنتے رہے تو اس کی کمائی متاثر ہو سکتی ہے۔