بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بڑا حکم جاری کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے رائل کمیشن کی رپورٹ پر ’بحر الاحمر‘ پروجیکٹ میں بدعنوانی، بدانتظامی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایات پر شاہی فرمان جاری کردیاہے ۔

جس کے ذریعے متعدد اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو برطرف کرتے ہوئے ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے احکامات صادر کیے ہیں۔

سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ’بحرالاحمر‘ ترقیاتی منصوبے میں 5 ہزار سے زائد جبکہ العلا پروجیکٹ میں کئی پلاٹوں پرتجاوزات کی شکایات موصول ہوئی تھی۔

رائل کمیشن کی جانب سے رپورٹ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو پیش کی گئی جس میں سفارش کی گئی تھی کہ کمپنیوں کی جانب سے اراضی پر کی جانے والی تجاوزات سے نہ صرف ترقیاتی منصوبہ متاثر ہوا بلکہ ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

کمیشن کی جانب سے جاری رپورٹ کی روشنی میں خلاف ورزیاں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر ایوان شاہی نے بدعنوانی میں ملوث اعلیٰ عہدیداروں کی برطرفی کے خصوصی احکامات صادر کیے ہیں۔

سعودی سرحد گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عواد البلاوی کو خدمات سے برخاست کرتے ہوئے انہیں ریٹائرمنٹ پر بھیج دیا گیا اور کمشنر املج، الوجہ ریجن و سودہ مرکز کے چیئرمینوں کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کیا گیا۔

اس کے علاوہ املج اور الوجہ کے سرحدی گارڈ کے کمانڈر کو ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کرنے کے علاوہ وزارت داخلہ، مدینہ، تبوک اور عسیر گورنرٹس میں شعبہ انسداد تجاوزات کے عہدیدار بھی ذمہ داریوں سے فارغ کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق تبوک ریجن کے سیکرٹری، املج، الوجہ اور السودہ ریجن کے میونسپلٹی کے سربراہ بھی سبکدوش کیے گئے ہیں جبکہ مدینہ اور تبوک ریجن کی میونسپلٹیوں میں شعبہ تجاوزات کے ذمہ داروں کو بھی نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔

شاہی احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ، بلدیات و دیہی امور، مدینہ منورہ، تبوک اور عسیر گورنریٹس کو ایک ماہ کا
نوٹس جاری کیا جاتا ہے اس دوران وہ ہونے والی تمام تجاوزات کا خاتمہ کریں، مقررہ مدت کے خاتمے پر تجاوزات پائی جانے پر
سخت اقدامات کیے جائیں گے۔‘

ایوان شاہی کی جانب سے ادارہ انسداد بدعنوانی کو فوری طور پر مذکورہ بالا اعلیٰ عہدیدار جنہیں ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش
کیا گیا ہے، کے خلاف جامع تحقیقات کرنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے فوری رپوٹ پیش کرنے کے احکامات
صادر کیے گئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں