اشتہار

ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی پاک فوج کے سربراہ اور وزیراعظم سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سربراہ پاک فوج جنرل قمر باجوہ، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان سے ملاقات کی اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے.

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر آج سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں ان کی ملاقات خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزسے ہوئی، آرمی چیف قمر باجوہ ،ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار اور وزیر خارجہ خواجہ آصف بھی وزیراعظم شاہد خاقان کے ہمراہ ہیں.

قبل ازیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم شاہد خاقان اور ان کے وفد کا استقبال کیا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ اور وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کی جہاں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا بعد ازاں پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا جہاں غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی.

- Advertisement -

اس ملاقات کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان بھی موجود تھے جہاں ملاقات دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات میں فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔

دورانِ ملاقات وزیراعظم شاہد خاقان نے خطے میں امن و استحکام کیلئے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں قیام امن کیلئے سعودی عرب کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دونوں ملکوں میں بہترین تعلقات کو سراہتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستانی افواج اور عوام  کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

ولی عہد محمد بن سلمان سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم شاہد خاقان نے سعودی ولی عہد کے اقتصادی اصلاحات اور ان کے ترقیاتی منصوبے ویژن 2030 کو لائق ستائش ٹہراتے ہوئے ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان نے ویژن 2030 کے حصول کیلئے تکنیکی اور انسانی وسائل کی فراہمی کی بھی پیش کش کی جب کہ وزیر اعظم شاہد خاقان نے مسلمان ممالک کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی بھی تعریف کی۔

خیال رہے کہ اس دورے کے دوران وزیر اعظم شاہد خاقان اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سعودی عرب میں اسلامی فوجی اتحاد اور پاک سعودی دوطرفہ امور سے متعلق اہم اجلاس میں شرکت کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اسلامی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس ہوا تھا جس میں 41 ممالک کے وزرائے دفاع، سفرا اور سعودی عرب کی اعلی قیادت نے شرکت کی تھی جب کہ اس تقریب سے سابق سپہ سالار پاکستان راحیل شریف نے خطاب کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں