وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید سہولتوں سےآراستہ گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر پرعظیم دوست کے شکر گزار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق امور پر اہم اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کو نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ گوادر سے مسقط کیلئے پروازوں کا آغاز اگلے سال 10 جنوری سے ہو جائے گا، گوادر سے ملکی، بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
اس موقعے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ پاک چین عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے، عالمی معیار، جدید سہولتوں سےآراستہ ایئرپورٹ کی تعمیر پر عظیم دوست کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوگوادر ائیرپورٹ کے فعال ہونے سے خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کیلئے حکمت عملی بنائی جائے۔