اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول پر دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مادرِ وطن پر قربان ہونے والے شہدا قوم کا فخر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ فوجی جوانوں کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، پاک وطن کے شہدا نے ہر مرحلے پر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
لیگی رہنما نے کہا ہم شہیدوں کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، اور قوم و وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا، 5 جوان شہید
خیال رہے کہ آج لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر کے قریب دھماکا ہوا جس میں پاک فوج کے پانچ جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جب کہ ایک فوجی اہل کار زخمی ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دھماکے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نتیجہ ہے، اور واقعہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دھماکے میں شہید ہونے والوں میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی زوہیب، سپاہی غلام قاسم اور شیر زمان شامل تھے۔