منگل, مارچ 25, 2025
اشتہار

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد، شہبازشریف کا حکومت سے بڑا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد کردی اور مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرول اورڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لیٹرکرے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے حکومت کی پٹرول،ڈیزل کی قیمت میں کمی ناکافی قرار دے دی اور کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کاپورافائدہ عوام کومنتقل نہیں کیاجارہا، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی پرپاکستان نےتیل نہیں خریدا، تیل نہ خریدنےکاخمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

شہبازشریف نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرول اورڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لیٹرکرے، عالمی منڈی سےانتہائی کم قیمت پرتیل نہ خریدناحکومت کی غفلت ہے، عالمی منڈی سےکم قیمت تیل خریدکرعوام کوریلیف دینا چاہیئے تھا۔

صدرمسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت پھرموقع اوروقت ضائع کررہی ہے، بجلی وگیس کی قیمتوں میں 50فیصد یاکم ازکم ایک تہائی کمی کی جائے، بجلی وگیس قیمتوں میں کمی سےعوام کومشکلات میں ریلیف دیاجائے، پٹرول وڈیزل50روپےفی لیٹرکرنےسےبھی حکومت کو نقصان نہیں۔

یاد رہے حکومت کی جانب سے مئی کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں15 روپےکمی کا اعلان کیا، جس کے بعد نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈڈیزل میں 27روپے 15 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا جس کے بعد فی لیٹر قیمت 80روپے 10 پیسے تک پہنچ گئی۔

اعلان کے مطابق مٹی کا تیل 30روپےسستا ہوگیا جس کے بعد نئی قیمت 47روپے44پیسےہوگئی، اسی طرح لائٹ ڈیزل 15 روپےسستاہوکر 47 روپے 51 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں