تازہ ترین

شہباز شریف کا نام تاحال ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا: وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام تاحال ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جانے کے لیے سمری وفاقی کابینہ سے وزارت داخلہ کو تاحال موصول نہیں ہوئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پیر یا منگل کو سمری وزارت داخلہ کو موصول ہو سکتی ہے۔

انھوں نے کہا اس کیس میں پہلے ہی 14 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل ہیں، شہباز شریف کے خاندان کے 5 ملزم مفرور ہیں، جب کہ شہباز شریف خود گارنٹر ہیں نواز شریف کے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا شہباز شریف سیدھا لندن نہیں جا رہے تھے، انھوں نے 15 دن قطر میں قرنطینہ کے بعد یو کے جانا تھا، ہمارے پاس ان کی کوئی میڈیکل رپورٹ نہیں آئی، جو سمری پیش کی گئی تھی اس پر فیصلہ قانون اور داخلہ کی وزارت کرے گی، یہ فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔

شہباز شریف قطر نہ جا سکے، ایئر لائن نے آف لوڈ کر دیا

یاد رہے کہ 8 مئی کو میاں شہباز شریف قطر نہ جا سکے تھے، وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے روکے جانے پر انھیں ایئر لائن نے آف لوڈ کر دیا تھا۔ شہباز شریف کو آف لوڈ کرنے کے معاملے پر گزشتہ روز مسلم لیگ ن نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے وکلا سے مشاورت مکمل کر لی ہے، ن لیگ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن داخل کرے گی، جس میں وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا جائے گا۔

درخواست میں ن لیگ کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی لیکن ہائی کورٹ کی اجاز ت کے باوجود جان بوجھ کر شہباز شریف کو سفر سے روکا گیا۔

Comments

- Advertisement -