کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو لاہور قلندرز کا کپتان مقرر کرنے پر اپنی رائے ظاہر کردی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم کو ایک ساتھ لے کر چلنا شاہین آفریدی کے لیے بڑی ذمہ داری ہوگی، شاہین سے کپتانی سے متعلق بات ہوئی تھی تو میں نے مشورہ دیا تھا کہ ایک دو سال رک جاؤ۔
سابق کپتان نے کہا کہ میں نے شاہین سے کہا تھا کہ فی الحال اپنی تمام تر توجہ بولنگ پر ہی مرکوز رکھو اور تھوڑا سا اور کھیلو پھر کپتانی کرلینا۔
سابق کپتان نے کہا کہ یہ سیکھنے کا عمل ہے، ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے ترقی ملے، ہر کھلاڑی کی یہ بھی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی فرنچائز یا قومی سطح پر ٹیم کی قیادت کرے۔
شاہد آفریدی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ لیکن وہ بھی آفریدی ہے، اس نے بھی نہیں سننی تھی، یہ شاہین کا اپنا فیصلہ ہے، اچھی بات ہے کہ ایک کھلاڑی کو پراعتماد انداز میں اپنے فیصلے لینے چاہئیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کے لیے لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا ہے، اس سے قبل سہیل اختر لاہور قلندرز کی قیادت کررہے تھے۔