لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی اسپتال پہنچ گئے ہیں، فاسٹ بالر شاہین آفریدی ڈینگی مچھر کا شکار ہو کر پری سیزن کیمپ سے باہر ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹر شاہین شاہ آفریدی پری سیزن کیمپ سے باہر ہو گئے ہیں، انھیں ڈینگی بخار لا حق ہو گیا ہے، وہ گزشتہ روز سے مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فاسٹ بالر شاہین آفرید کا علاج جاری ہے، مکمل صحت یابی کے بعد کیمپ میں دوبارہ شمولیت کر سکیں گے۔
ادھر اوپنر بلے باز فخر زمان گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں، وہ پریکٹس کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے، اطلاعات کے مطابق وہ تا حال نیٹ پریکٹس کا آغاز نہیں کر سکے ہیں۔
مزید تفصیل پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کا پری سیزن کیمپ شروع
انجری کے بعد گزشتہ روز فخر زمان کے دائیں گھٹنے کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا، ایم آر آئی رپورٹ پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری پینل کو موصول ہو چکی ہے، اب پینل کی سفارشات پر فخر زمان کی کیمپ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹرز کے پری سیزن کیمپ کا آغاز دو روز قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو چکا ہے، جس میں کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں مہارت بہتر بنانے کے لیے مشقیں جاری ہیں۔
مصباح الحق کی نگرانی میں ٹریننگ کے لیے پری سیزن کیمپ میں 20 کرکٹرز کو طلب کیا گیا، سابق کپتان خاص طور پر بیٹنگ تکنیک میں بہتری اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانے کے نسخے بتائیں گے۔