کراچی : ٹیکسز کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے کراچی میں شاہین ائیرلائن کا دفتر سیل کر دیا، شاہین ائیرلائن فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک ارب چالیس کروڑ کی نادہندہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہین ائیرلائن اور ایف بی آر کا معاملہ سنگین نوعیت اختیار کرگیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار کارپوریٹ سیکٹر کا مرکزی دفتر ٹیکس کی عدم ادائیگی پر سیل کردیا گیا۔ ایف بی آر نے ایک ارب40کروڑ روپے کی عدم ادائیگی پر شاہین ائیر لائن کو حتمی نوٹس جاری کیا تھا۔
عدم ادائیگی پرمذاکرات نہ کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔ ایک ارب40کروڑروپے کے ٹیکسز ادا نہ کرنے پر ایف بی آر نے کراچی میں شاہین ائیرلائن کا دفتر سربمہر کردیا۔
اس حوالے سے ترجمان شاہین ائیرلائن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی دوسری ایئرلائن کا بند ہونا ملک کے مفاد میں نہیں۔ عید کی تعطیلات سے قبل اس معاملے کو حل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شاہین کے مرکزی دفتر کے سیل ہونے کے بعد حجاز مقدس جانے والے مسافروں کی واپسی پر سوالیہ نشان کھڑے ہوگئے ہیں۔