پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی ٹی 20 کرکٹ میں 300 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے۔
پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
شاہین آفریدی نے صاحبزادہ فرحان کو آؤٹ کرکے ٹی 20 کرکٹ میں اپنی 300 وکٹیں مکمل کیں۔
وہ ٹی 20 کرکٹ میں 300 وکٹیں حاصل کرنے والے ساتویں پاکستانی بولر بن گئے ہیں اس سے قبل یہ اعزاز وہاب ریاض، سہیل تنویر، محمد عامر، عماد وسیم، شاہد آفریدی اور شاداب خان حاصل کرچکے ہیں۔
وہاب ریاض نے 344 اننگز میں 413 وکٹیں حاصل کیں، سہیل تنویر نے 381 میچوں میں 389 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
محمد عامر نے 315 اننگز میں 371 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں، عماد وسیم کی وکٹوں کی تعداد 353، شاہد آفریدی 347، شاداب خان 336 اور شاہین آفریدی نے 300 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
شاہین آفریدی نے پی ایس ایل 10 کے 7 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں اور ان کی بہترین بولنگ 34 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 210 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی ٹیم 16.5 اوورز میں 121 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔