پشاور: قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی خیبرپختونخوا کے خیر سگالی سفیر مقرر کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک سعد شہید پولیس لائن میں پاکستانی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے شاہین شاہ آفریدی کو اعزازی ڈی ایس پی رینک کے بیجز لگائے۔
تقریب میں آئی جی کے پی پولیس معظم جاہ انصاری اور دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ کرکٹر فخر زمان بھی تقریب میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کھلاڑی دورہ سری لنکا کے لئے تیار ہیں، کپتان بابراعظم
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹر نے کہا کہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ میں کے پی پولیس کا گڈول برانڈ ایمبسڈر ہوں، ہم صرف فیلڈ پر نظر آتے ہیں اور ہمیں سپر اسٹار کہا جاتا ہے، اصل سپراسٹار پولیس ہے، پولیس کی قربانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
شاہین آفریدی نے پولیس وردی میں پہلی سلامی اپنے والد کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد بھی پچیس سال تک پولیس فورس کا حصہ رہے، ہمارے گھر پر دو بار بم دھماکے ہوئے، ایک بار ابو زخمی بھی ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کافی مشکل ڈیوٹی ہے جو ہمارے جوان سرانجام دے رہے ہیں، انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب پاکستانی پلیئرز آپ کے ساتھ ہیں۔