لاہور: سابق قومی کپتان و سٹار آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کے پوری دنیا میں لاکھوں مداح موجود ہیں وہیں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی بھی شاہد آفریدی کے مداح نکلے اور انکے لئے منفرد تحفہ بھیجا، جس کو دیکھ نہ صرف پاکستانی عوام کی خوشی کی انتہا نہ رہی بلکہ بھارتیوں کے منہ کھلے رہ گئے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے شاہد خان آفریدی کو اپنی شرٹ تحفے کے طور پر بھیجی، جس پر 18 نمبر اور ویرات کوہلی کا نام درج ہے جبکہ اس پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی اپنے دستخط کئے ہیں۔
ویرات کوہلی نے تحفے کے ساتھ یہ پیغام بھی دیا کہ ہمیشہ آپ کے ساتھ کھیل پر مزہ آیا جبکہ بھارتی کھلاڑیوں نے شاہد آفریدی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اس سے قبل کئی مرتبہ سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر شاہد آفریدی کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے کے ساتھ ساتھ اُنکے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں : شاہد آفریدی کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
یاد رہے دنیا بھر میں مداحوں کے دلوں میں دھڑکنے والے شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں، اُن کو اس دور کا سب سے مقبول ترین کرکٹر سمجھا جاتا ہے۔
شاہد خان آفریدی 2010 میں ٹیسٹ کرکٹ سے اور ورلڈ کپ 2015 کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے جبکہ انہوں نے آخری مرتبہ ورلڈ ٹی 20 میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی۔
سنہ 1996 میں آفریدی نے سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو 18 سال تک قائم رہا۔ یہ ریکارڈ ان کے لیے شہرت اور کامیابی کا نکتہ آغاز ثابت ہوا اور اس کے بعد آفریدی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
شاہد آفریدی نے 398 ایک روزہ میچوں میں 8 ہزار 64 رنز بنائے اور 395 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی20 کیریئر کے دوران انہوں نے 98 میچوں میں ایک ہزار 405 رنز بنائے اور اب تک 97 وکٹیں لے کر ٹی 20 کے سب سے کامیاب باؤلر رہے۔