سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون کو ابھی نندن کی ’چائے‘ یاد دلا دی۔
گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے نکما قرار دیا تھا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارت میں اگر ایک پٹاخہ بھی پھٹ جائے تو فوراً پاکستان پر الزام لگادیتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی 8 لاکھ فوج ہے، پھر بھی یہ واقعہ ہوا تو یہ تمہاری ناکامی ہے اور نالائقی اور نکمے پن کی انتہا ہے۔
شاہد آفریدی کے بیان پر سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون بھڑک اٹھے اور ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو تنقیدکا نشانہ بنایا۔
یہ پڑھیں: کنیریا کے بعد شیکھر دھون بھی شاہد آفریدی کیخلاف زہر اُگلنے لگے
سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے بھی پہلگام واقعے پر سابق آل راؤنڈر کو تنقیدی جواب دیتے ہوئے کہا کہ "کارگل میں بھی تمہیں ہرایا تھا اور کتنا گرو گے، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے”۔
اس پوسٹ کے جواب میں شاہد آفریدی نے فوجی شرٹ پہن کر ایکس پر تصویر پوسٹ کی اور چائےکا کپ پکڑ کر شیکھر دھون کو چائےکی پیشکش کی۔
شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’چھوڑو جیت اور ہار کو، آؤ تمہیں چائے پلاتا ہوں شیکھر۔‘ انہوں نے ’فنٹاسٹک ٹی‘ کا ہیش ٹیگ بھی بنایا۔