اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

شاہد آفریدی کا کشمیریوں کے حق میں ٹوئٹ، بھارتی میڈیا بھنا اٹھا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شاہد آفریدی کے کشمیر میں جاری مظالم سے متعلق ٹوئٹ پر بھارتی میڈیا میں آگ لگ گئی، بے خبر میڈیا نے  پاک فوج کے ترجمان کو آئی ایس آئی باس کہہ کر پکارا ، گوتم گمبھیر بھی آفریدی کے خلاف زہر اگلتے رہے۔

پاکستان ٹیم کے سابق شاہد خان آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت پریشان کن ہے، ظالم حکومت حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرنے والوں کو شہید کررہی ہے، عالمی ادارے کہاں ہیں؟

یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی،کشمیر میں جاری حالیہ بھارتی بربریت پر آفریدی خاموش نہ رہ سکے۔

- Advertisement -

بھارتی فوج کے کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کی اور قتل عام پر اقوام متحدہ کے سامنے سوال بھی اٹھا دیا، انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیمیں کہاں ہیں، حیرت ہے کہ یہ خونریزی کو بند کروانے کے لئے کردار کیوں ادا نہیں کر رہیں؟

لیکن یہ سب بھارتیوں کو ایک آنکھ نہ بھایا اس ٹوئٹ سے بھارتی بھنا اٹھے، بھارتی میڈیا نے شاہد آفریدی کو کشمیریوں کے قتل عام پر آواز اٹھانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے ساتھ ساتھ اس کے ایک کرکٹر کو بھی اس ٹوئٹ پر مرچیں لگ گئیں، گوتم گمبھیر نے جوابی ٹوئٹ میں انتہائی سستا مذاق کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اس پر دھیان نہ دے، آفریدی صرف لفظ یو این پر زور دے رہے ہیں، جس کا آفریدی کی ڈکشنری میں مطلب انڈر نائنٹین ہے۔

دوسری جانب جلا بھنا بھارتی میڈیا بھی آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ آفریدی نے کشمیریوں کے حق میں ٹوئٹ کرکے بھارت کی بے عزتی کی ہے، اب بھارتیوں کو کون سمجھائے آفریدی نے تو آئینہ دکھایا ہے۔

اسٹار کرکٹر کے خلاف زہر اگلتے ہوئے کہا گیا کہ آئی ایس آئی کی ہدایت پر آفریدی نے بیان دیا، گوتم گمبھیر بھی آفریدی کے خلاف زہر اگلتے رہے،

بعد ازاں  بھارتی میڈیا اور دیگر ناقدین کے جواب میں شاہد آفریدی نے مؤثر جواب دیتے ہوئے ایک اور ٹوئٹ میں اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کی عزت کرتا ہوں اور ایک اسپورٹس مین بھی ہوں اور یہ تصویر اس بات کا ثبوت ہے، لیکن جب انسانی حقوق کی بات آتی ہے تو ہم معصوم کشمیریوں کے حوالے سے بھی یہ ہی توقع رکھتے ہیں۔

بھارتی میڈیا اور متعصب کرکٹر یہ نہیں جانتے کہ شاہد آفریدی تو پھر پاکستان کے اسٹار ہیں، کسی بھی عام پاکستانی کو بھی کشمیری بھائیوں کےحق میں آواز اٹھانے کے لیے کسی ہدایت کی ضروت نہیں، جب اُس پار خون بہتا ہے تو اِس پار خون کھول اٹھتا ہے۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں