اشتہار

ضروری ہوگیا قومی حکومت بنائیں، پی ٹی آئی بھی شامل ہو، شاہد خاقان

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کوئی حکومت بنانے اور حکومت چلانے کے قابل نہیں ہے، ضروری ہوگیا ہے کہ قومی حکومت بنائیں جس میں پی ٹی آئی بھی شامل ہو۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا یہ لوگ چوری کی کرسی پر بیٹھیں گے؟ عوام کے مینڈیٹ سے حکومتیں بنیں گی تو معاملہ آگے چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے خود دیکھ لیا ہوگا کہ اس الیکشن کا کیا ماحول اور نتائج کیا ہیں؟ پانچ سال کہیں یا15سال کہیں حکومت ایسے چل ہی نہیں سکتی۔ شہبازشریف بھی وزیراعظم بن بھی جائیں گے تو کیا کرلیں گے؟ کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ سامنے جب بڑی اپوزیشن بیٹھی ہوگی تو آپ کے لیے حکومت چلانا مشکل ہوگا،
کمشنر پنڈی نے سوالات کھڑے کردیے اور بھی سوالات کھڑے ہوں گے، آپ حکومت میں رہ کر ان سوالوں کے جواب کیسے دے سکیں گے؟

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نوجوان مایوس ہیں کہ ان کے ووٹ چوری ہوگئے، سیاسی جماعتوں کی اپنی ضرورت ہوسکتی ہے، دیکھنا ہوگا ملک کی کیا ضرورت ہے، ملک کیلئے ضروری ہوگیا ہے کہ قومی حکومت بنائیں پی ٹی آئی بھی شامل ہو۔

ن لیگ کے سابق مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پاس مسلم لیگ ن کو ختم کرنے کا ایک نادر موقع ہے، پیپلزپارٹی کی سیاست سندھ اور بلوچستان میں بحال ہے، وفاق میں بھی پیپلزپارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی اور مسلم لیگ ن کے بغیر بھی حکومت نہیں بن سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جس سے مل جائے تو حکومت بن جائے گی، آج اپنی سیاست اور کرسیوں کو ایک طرف رکھ دیں ملک کی بات کریں، جس طرح الیکشن انوکھے تھے اسی طرح حل بھی انوکھا چاہیے، اس معاملے میں فوج اور عدلیہ بھی شامل ہو، یہ الگ نہیں بیٹھ سکتے، ایک قومی حکومت بنالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کی ذمہ داری ہے کہ اسمبلی کے اندر بیٹھ کر قومی حکومت اور قومی ایجنڈا بنائیں، ایسا نہیں کریں گے تو تاریخ ان کو معاف نہیں کرے گی، ان کرسیوں میں کچھ نہیں رکھا جو وزیراعظم بنے گا وہ اپنی بےعزتی کرائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں