اسلام آباد : سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عدم اعتماد کی تحریک 190 سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہونے کا دعویٰ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا عدم اعتماد کی تحریک 190 سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہوگی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے 163اراکین ہیں جوعدم اعتماد پر ووٹ ڈالیں گے اور اسوقت پی ٹی آئی کے20سےزائداراکین ہمارے ساتھ ہیں جبکہ 17سے زائد اتحادی اراکین سے بات چیت جاری ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ ان میں سے بہت سےلوگوں کی امید ہےکہ وہ تحریک میں شامل ہوں گے ، پلان بی یہی ہوگا کہ اپوزیشن کریں اور حکومت کی ناکامیوں کی نشاندہی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ، حکومت خود ڈی چوک پر جلسہ کرنے جارہی ہے، یہ جلسہ اراکین کو ڈرا نےکیلئے ہے ، اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ حکومت کتنی خوفزدہ اورکمزور ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ عدم اعتماد کیلئے ارکان کی تعداد 190تک پہنچ چکی ہے ، اتحادیوں سے بات چیت ہمارے حق میں ہے۔