اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان صاحب فساد کی اصل جڑ ہیں، بیس افراد کی فہرست میں ان کا نام سب سے اوپر ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ مولانا فضل الرحمان کی جانب کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک میں انتشارپھیلاناچاہتا ہے وہ فضل الرحمان ہے، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مدرسوں کو استعمال کرکے اسلام آباد آنا چاہتاہے، مولانا سے درخواست ہے جمہوریت ،عوام اور خود پر رحم کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مریم جلسے جلسے کررہی ہے اصل پلاننگ کرنیوالا فضل الرحمان ہے، مولانا صاحب فساد کی اصل جڑ ہیں، میرے پاس بیس افراد کی فہرست میں ان کا نام سب سے اوپر ہے، وزیر داخلہ نے کہا کہ میرا تجزیہ ہے کہ اپوزیشن سینیٹ کےالیکشن میں حصہ لےگی۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم کیوایم اتحادی ہے وہ ناراض نہیں ہوں گی، کراچی جاؤں گا تو گورنرہاؤس ،رینجرز ہیڈ کوارٹر اور ایم کیوایم قیادت سےبھی ملوں گا۔اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے میں نے وزیر اعظم سے ایک سو بیس دن مانگے،وزیراعظم نے بھی مجھے120دن دیئےہیں، ہمارے پاس چار ماہ کاوقت ہے، اس ٹائم پریڈ میں تمام کام سیدھے کرنےہیں، آج ہم نے پاسپورٹ کیلئےتاریخی فیصلےکیےہیں، پاسپورٹ ایس ایم ایس سروس پورے پاکستان میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ لیبر کیلئے پاسپورٹ کی مدت پانچ سال کے بجائے 10سال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آج پاکستان میں پولیس کا ہر سپاہی سراٹھا کر چل رہا ہے. شیخ رشید
وزیر داخلہ پاسپورٹ فیس میں اضافے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کی فیس تین ہزارروپے سے ایک روپیہ نہیں بڑھائیں گے، پاسپورٹ ایمیگریشن کیلئے بڑی فنڈنگ کی ضرورت ہے، پاسپورٹ والوں کی معاشی صورتحال بری ہے،عبدالحفیظ شیخ سےاس حوالےسے میٹنگ کرینگے۔
اس کے علاوہ شیخ رشید نے بتایا کہ یکم جنوری سے دنیا میں ای پاسپورٹ سروس شروع کررہےہیں، آن لائن پاسپورٹ سروس کے لئےتھوڑا وقت لگےگا۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں چھیاسٹھ ہزار لوگ بلیک لسٹ ہیں، جبکہ چوالیس ہزار لوگ پاسپورٹ بلیک لسٹ میں شامل ہیں، حکام کو ہدایت دی ہے کہ سنگین جرائم، کرمنل ریکار ڈوالوں کو بلیک لسٹ میں رکھیں اور باقی ای سی ایل کی بلیک لسٹ کو کم کریں۔