بنگلا دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ نے کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کے الیکشن لڑنے کی تصدیق کر دی۔
دنیائے کرکٹ کے کئی ستارے کھیل کے میدان میں جگمگانے کے بعد سیاست میں آئے اور نام بھی کمایا اب ایک اور کپتان نے سیاست میں انٹری دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ نے شکیب الحسن کی نامزدگی کی تصدیق کردی ہے، شکیب الحسن آئندہ برس 7 جنوری کو 12ویں پارلیمانی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
مقامی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن اپنے آبائی ضلع ماگورا ون کے حلقے سے الیکشن لڑیں گے، شکیب 6 نومبر کو سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ میچ کے دوران انجرڈ ہوگئے تھے تاہم ان کی کرکٹ میں واپسی کا ابھی نہیں بتایا گیا۔
واضح رہے کہ اب تک دنیائے کرکٹ کے کئی نامور کھلاڑی کھیل کے میدان سے سیاسی میدان میں آئے اور یہاں بھی اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
کھیل سے سیاست میں آنے والے کھلاڑیوں میں کامیابی کی معراج 1992 ورلڈ کپ کے فاتح سابق پاکستانی کپتان عمران خان رہے جو وزارت عظمیٰ کے منصب تک پہنچے۔
ان کے علاوہ سابق بھارتی کرکٹرز کپل دیو، نوجوت سدھو، بنگلہ دیشی کھلاڑی مشرفی مرتضیٰ، سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا، جے سوریا سمیت دیگر کئی کھلاڑی اپنے اپنے ممالک میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہو چکے۔