لاہور: سابق نااہل وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کل احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے جبکہ مریم، حسن، حسین نواز اور داماد کپٹن صفدر پیش نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق نااہل وزیراعظم نوازشریف کل احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لیے آج رات لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے اور کل پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے جبکہ مریم نواز، حسن، حسین نواز اور کیپٹن صفدر کل پیش نہیں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق نااہل وزیراعظم کے بچے اگر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو اُن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوسکتے ہیں کیونکہ عدالت چاروں ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ پہلے ہی جاری کررکھے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چاروں ملزمان کے وکیل عدالت میں کلثوم نواز کی طبیعت کو بنیاد بنا کر استشنیٰ حاصل کرنے کی درخواست بھی کریں گے۔
یاد رہے کہ شریف خاندان کے خلاف سپریم کورٹ کی ہدایت پر نیب میں حدیبیہ پیپر ملز کا ریفرنس دائر ہے، سابق وزیراعظم اور اسحاق ڈار نے لندن سے واپس آکر مقدمات کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پڑھیں: وزیرخزانہ اسحاق ڈار پرفرد جرم عائد
دوسری جانب احتساب عدالت وفاقی وزیرخزانہ پر فرد جرم عائد کرچکی ہے جس کے بعد سیاسی جماعتوں نے اسحاق ڈار سے وزارت چھوڑنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔