شارجہ : پاکستانی شخص کو راہزن کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کرنے پر شارجہ پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے انعام اور سند سے نوازا گیا۔
عبدالقیوم نامی پاکستانی شخص نے یہ کارنامہ اس وقت انجام دیا جب کہ ایک چور ایشیائی خاتون کے گلےسے سونے کی چین چھین کر فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ عبدالقیوم نے راہزن کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر اُس وقت تک قابو کیے رکھا جب تک پولیس جائے وقوعہ پر نہ پہنچ گئی۔
پولیس اطلاع ملنے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچی تو عبدالقیوم سونے کی چین اور لاکٹ چھیننے والے ملزم کو پکڑے ہوئے تھا جب ایشائی خاتون بھی موقع پر موجود تھیں جس پر شارجہ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد چین اور لاکٹ خاتون کو واپس کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
شارجہ پولیس نے عبدالقیوم کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں انعام سے نوازا اور باشعور و ذمہ دار شہری ہونے کی سند بھی دی، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر شارجہ پولیس کرنل خلیفہ کا کہنا تھا کہ جرائم کی بیخ کنی میں پولیس اور عوام کے درمیان مربوط رابطے اور باہمی تعاون کا اہم کردار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں جرائم سے بچنے اور اسے روکنے کے لیے شعور بیدار ہو رہا ہے جو کہ پولیس کی ذمہ داریوں کو کماحقہ پورا کرنے میں سازگار ثابت ہو رہا ہے جس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیئے جس کے لیے شارجہ پولیس نے پہلے ہی عوام کے ساتھ مربوط اور منظم نظام وضع کر رکھا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔