کراچی : سندھ کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل انعام میمن نے اپنے آئینی اور قانونی ماہرین سے مشورہ کرکے مقدمات کا سامنا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شرجیل میمن نے وطن واپسی کا فیصلہ اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا ہے، وہ لندن سے براستہ دبئی اور پھر کراچی پہنچیں گے، اس حوالے سے تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
دوسری طرف نیب کی جانب سے شرجیل میمن پر اختیارات کے ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو 5 ارب روپے کی کرپشن کے مقدمات کا سامنا ہے، نیب کی درخواست پر عدالت نے ملزم کا نام ایگزیٹ کنڑول لسٹ میں شامل کرلیا تھا مگر عدالتی احکامات سے قبل ملزم نے ملک چھوڑ دیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماء نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ ان کی واپسی پر انہیں نیب کی جانب سے گرفتار کرلیا جائے گا، نیب حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شرجیل میمن کے خلاف کرپشن کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
گرفتاری سے بچنے کے لیے سابق وزیر نے فروری میں سندھ ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا۔
واضح رہے سابق وزیر اطلاعات و نشریات سندھ طویل عرصے سے بیرون ملک میں مقیم ہیں۔