اشتہار

کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے مہلت طلب کرلی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کے الیکٹرک نے پٹیل پاڑہ میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے مہلت طلب کرلی، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر کے الیکٹرک سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہریوں کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، وکیل کےالیکٹرک نے بتایا کہ حکومت کی پالیسی ہے کہ نادہندہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کیا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ وضاحت کریں کہ یہ پالیسی حکومت کی ہے یا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی۔

جسٹس صلاح الدین پنہور نے کے الیکٹرک وکیل سے استفسار کیا جو لوگ بل دیتے ہیں، ان کا کیا قصور ہے؟ وکیل نے بتایا کہ یہ حکومت کی پالیسی ہے اور کے الیکٹرک اس پر عملدرآمد کررہی ہے،ہائی لاسز ایریا میں لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے تا کہ زیادہ نقصان سے بچا جا سکے، لوڈ شیڈنگ سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔

- Advertisement -

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ قرآن کہتا ہے کہ کسی ایک کے جرم کی سزا دوسرے کو نہیں دی جاسکتی، جس پر وکیل کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ سرکاری وکیل یہ موقف تحریری طور دیدیں تو جائزہ لیں گے۔

جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ ایک عام شہری آپ کے سامنے کھڑا ہے، لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہے، آپ اس شہری کا مسئلہ کیسے حل کریں گے، جس پر وکیل کے الیکٹرک نے بتایا کہ جہاں جہاں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں کارروائی کر رہے ہیں، کنڈانکال لیتے ہیں لوگ پھر لگا دیتے ہیں، اب ہمیں ایف آئی آر کا اختیار مل گیا ہے، پٹیل پاڑہ حساس علاقہ ہے، قانون نافذ کرنیوالے کو تعاون کی ہدایت کی جائے۔

درخواست گزار نے بتایا کہ یہ علاقہ کے الیکٹرک نے خود حساس قرار دیاہے،پہلے معمول کے مطابق بجلی آتی تھی، ہماری پی ایم ٹی سے 79فیصد ادائیگی ہوتی تھی،اسے دوسرے فیڈر اے منسلک کردیا گیا، اب پٹیل پاڑہ میں 24 گھنٹوں میں صرف ساڑھے 11 گھنٹے بجلی آتی ہے، جو لوگ بل دیتے ہیں ان کا کیا قصور ہے، اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اپنی جگہ اب تو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

کے الیکٹرک نے پٹیل پاڑہ میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے مہلت طلب کرلی ، جس پر عدالت نےآئندہ سماعت پر کے الیکٹرک سےرپورٹ طلب کرلی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں