لندن : برطانوی پولیس نے کرسمس تہوار پر دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں انسداد دہشت گردی فورس نے دہشت گردی کی سازش ناکام بناتے ہوئے شیفلیڈ سے 3 اور چیسٹرفیلڈ سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے۔
آرمی بم ڈسپوزل ٹیم نے چیسٹر فیلڈ سے 31 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے قریبی گھروں کو خالی کرالیا جبکہ شیفلیڈ میں انسداد دہشت گردی فورس نے چھاپوں کے دوران 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
برطانوی پولیس حکام کے مطابق چار مشتبہ افراد کو دہشت گردی ایکٹ 2000 کے سیکشن 41 کے تحت دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کو مغربی یارکشائر میں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
لندن : دہشت گرد حملوں میں‘7افراد ہلاک‘متعدد زخمی
یاد رہے کہ رواں سال 4 جون کو برطانوی دارالحکومت میں لندن برج اوربارو مارکیٹ میں دہشت گردی کے واقعات میں7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔