لاہور: پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ کرونا آزمائش میں کردار ادا کرنے کی بجائے بلاول بھٹو سیاست کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کی پریس کانفرنس عوام کو گمراہ کرنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی وصیت کی پرچی پر بنے چیئرمین کو 18ویں ترمیم کا مطلب سمجھانا ہوگا، پیپلزپارٹی سیاسی بیانات کی بجائے عملی میدان میں کارکردگی دکھائے۔
شہباز گل نے کہا کہ لیاری سے لانڈھی تک عوام کی ذمہ داری فرزند زرداری آپ کی ہے، 30 سال سے سندھ پر حکومت کرنے والوں کا وفاق مخالف پراپیگنڈہ نہیں چلے گا۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ عوام کو معلوم ہے وفاق 1200 ارب سے ملک بھر میں امداد فراہم کررہا ہے، وفاقی حکومت ایک کروڑ 20 لاکھ لوگوں کو براہ راست امداد فراہم کررہی ہے، ان میں 70 لاکھ نئے ضرورت مند افراد شامل کیے گئے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ چھوٹے کاروبار والے 35 لاکھ گھرانوں کو امداد دے رہے ہیں، بیروزگار ہونے والے 50 لاکھ افراد کو بھی امداد دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بتائیں سندھ حکومت وفاق پر الزامات لگانے کے سوا اور کیا کررہی ہے؟ وفاق ملک بھر میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف کو پی پی ای آلات دے رہا ہے، وفاق نے سندھ کو طبی آلات فراہم کیے، پیپلزپارٹی کی قیادت بدقسمتی سے صرف بیان بازی کرنا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کو خطرہ ہے تو پی ٹی آئی سے ہی ہے، ہم صرف اپنے لوگوں کی زندگی بچانا چاہتے ہیں، وفاق کے خلاف ہم نے کوئی سازش نہیں کی۔