لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے درمیان 2 گھنٹے سے زائد جاری ملاقات ختم ہوگئی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد شہباز شریف جاتی امرا سے واپس روانہ ہوگئے، ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
2 گھنٹے سے زائد جاری ملاقات میں اہم سیاسی امور پر غور کیا گیا جبکہ حکومتی اور سیاسی معاملات سے متعلق نواز شریف سے ہدایات لی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا شہباز شریف کو مفاہمت کا مشورہ
وزیر اعظم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے جاری مذاکراتی عمل سے متعلق تازہ صورتحال سے سابق وزیر اعظم کو آگاہ کیا جبکہ دونوں نے پی ٹی آئی کے تحریری مطالبات پر بھی غور کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے حکومتی کمیٹی کے علاوہ دیگر اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات پر بھی غور کیا گیا۔
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں بار بار کورم ٹوٹنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو طلب کیا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ تمام وزرا اور پارٹی کو پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے وزیر اعظم سے ملاقات میں کورم ٹوٹنے کا معاملہ اٹھایا تھا۔
پیر کو طلب کیے گئے اجلاس میں شہباز شریف پارلیمانی پارٹی کو حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات پر اعتماد میں لیں گے جبکہ وہ کورم پورا رکھنے اور پارلیمانی بزنس میں شرکت کی ہدایات دیں گے۔