تازہ ترین

علی امین گنڈاپور کی وزیر اعظم شہباز شریف سے پہلی ملاقات، کے پی واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں انھوں نے صوبے کے 1500 ارب روپے کے واجبات کلیئر کرنے کا مطالبہ کیا۔

ملاقات کے بعد احسن اقبال کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیر اعظم سے صوبے کی صورت حال پر گفتگو ہوئی، انھوں نے بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے، معاشی صورت حال کا ہمیں بھی پتا ہے لہٰذا اس کو دیکھ کر ہی مطالبات کریں گے۔

انھوں نے کہا بات چیت ہوگی تو سیاسی معاملات بھی بہتر ہوں گے، پاکستان ہمارا ملک ہے کے پی کے وسائل ملک کے لیے استعمال ہوئے، خوشی کی بات ہے۔ علی امین گنڈاپور نے وضاحت کی کہ ہمارا مؤقف یہ نہیں تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو فنڈز فراہم نہ کرے، ہمارا مؤقف تھا کہ جو انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اس کی تحقیقات ہوں۔

ن لیگی رہنما احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد کے پی واجبات کے مسائل حل کیے جائیں گے، وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کے افسران کو ہدایت کی ہے واجبات کے مسائل حل کریں۔ اس سلسلے میں وفاقی وزارت خزانہ اور خیبر پختون خوا وزارت خزانہ کے افسران مل کر کام کریں گے۔

انھوں نے کہا وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے قیدیوں سے متعلق بھی گفتگو کی، بے گناہ قید شہریوں کی رہائی سے متعلق بھی بات چیت ہوئی ہے۔ ہم سب اپنی سیاست کرتے رہیں گے لیکن ملک کے لیے خطرات کا مل کر مقابلہ کرنا ہے، پاکستان کے لیے ہر وہ کام کریں گے جس کی امید عوام ہم سے رکھتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -