لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 9 جون کو نیب کے سامنے پیش ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔شہباز شریف نے امجد پرویز ایڈووکیٹ اور اعظم نذیر تارڑ سے مشاورت کی ہے۔
نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں 9 جون کو طلب کر رکھا ہے۔عدالت نے اس کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرتے ہوئے نیب کو 17 جون تک انہیں گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے۔
اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو 2 جون کو طلب کیا تھا۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے شہباز شریف کو مفصل سوالنامہ فراہم کیا گیا تھا اور جوابات کے لیے مناسب وقت بھی دیا گیا تھا۔اپوزیشن لیڈر کی خواہش پر انہیں زیادہ وقت فراہم کیا گیا تھا،تاکہ بیرون ملک سے مطلوبہ ریکارڈ حاصل کرسکیں۔