کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکار شہریار منور نے سال نو 2025 شروع ہونے سے قبل شادی کے بندھن میں بندھ جانے کا اعلان کر دیا۔
شہریار منور حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کی میزبان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نظر آئے۔ میزبان نے ان سے سوال کیا کہ وہ کب شادی کرنے والے ہیں؟
اس پر اداکار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میں دسمبر کے آخری ہفتے میں شادی کرنے والا ہوں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا شریکِ حیات کا تعلق شوبز سے ہے تو انہوں نے انکار کیا۔
شہریار منور نے کہا کہ ہونے والی اہلیہ کا تعلق شوبز سے نہیں ہیں، چاہتا ہوں مداح اور شو دیکھنے والے سب لوگ ہمارے لیے دعا کریں۔
ادھر، خبریں زیرِ گردش ہیں کہ شہریار منور اداکارہ ماہین صدیقی سے شادی کرنے والے ہیں، تاہم ان خبروں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
اگست میں شہریار منور نے ماہین صدیقی کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ’جان‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔ اداکار کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر ماہین صدیقی نے سرپرائز برتھ ڈے پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔
بعدازاں، شہریار منور نے پارٹی کی یادگار تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی تھی جس میں ان کے ساتھ ماہین صدیقی کو کھڑے دیکھا گیا تھا۔
ماہین صدیقی نے انسٹاگرام پر اداکار کیلیے خاص برتھ ڈے وش بھی کی تھی جس کا جواب دیتے ہوئے شہریار منور نے ’شکریہ میری جان‘ لکھا تھا۔
اس سے قبل ایک شو میں جب ماہین صدیقی کے رشتے سے متعلق سوال کیا گیا تھا تو شہریار منور کا کہنا تھا کہ ’وہ بہت خوش ہیں اور وہ خدا کے بھی شکر گزار ہیں جبکہ ان کے اہل خانہ بھی خوش ہیں‘۔ اس کے ساتھ انہوں نے مداحوں سے اپنے لیے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔