کراچی: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، ہم سب مل کر امن کا قیام چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم کہہ چکے پی ایس ایل 5 پاکستان میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا، کراچی میں خوشیاں واپس آچکی ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، ہم سب مل کر امن کا قیام چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم کہہ چکے پی ایس ایل 5 پاکستان میں ہوگا۔ بہت جلد بڑی ٹیمیں پاکستان میں کھیلیں گی۔ بڑے ایونٹ کی میزبانی ہماری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جنگ پاگل پن ہے، پاکستان امن کا خواہش مند ہے۔ ہم نے پائلٹ کو رہا کر کے امن کے پیغام کو فروغ دینا ہے۔ پی ایس ایل کا فائنل خوشیاں بکھیر دے گا۔
اس سے قبل انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نیوزی لینڈ حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔
شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ شہید پاکستانیوں کے خاندان کے غم میں برابر شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام نیوزی لینڈ کے ساتھ ہے۔
وزیر داخلہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا تھا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔