سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ ناپسند لوگوں کا ریمانڈ دیا گیا اور من پسند افراد کو گھر بھیج دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح منشیات فروشوں کو نہیں پکڑا جاتا جیسے پارلیمنٹ سے ممبران کو گرفتار کیا گیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایک ممبر اسپیکر پر عدم اعتماد بھی کر سکتاہے چاہے وہ ناکام ہو جائے، بجلی پر ایک اور ٹیکہ لگا دیا گیا، مرے ہوئے لوگوں کو اور مارا جا رہا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ناپسند لوگوں کا ریمانڈ دیا گیا اور من پسند افراد کو گھر بھیج دیا گیا، 16 ماہ سے چالان نہیں پیش کیاگیا یہ 20 سال کا پروگرام لگ رہا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملکی معیشت آئی ایم ایف نے تباہ کردی ہے، 8 ستمبر کو سارے راولپنڈی کو بند کیا گیا، مری روڈ پر 4 کنٹینر لگائے گئے، راولپنڈی سے کوئی جلوس نہیں گیا، 30 ستمبر کی بات پر قائم ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور میرے دوست ہیں، انکے بارے میں کوئی بات نہیں کرونگا، 40 دن کا چلہ کاٹا، بہتر تھا میں 4 سال جیل کاٹ لیتا۔