اتوار, جنوری 19, 2025
اشتہار

شیخ رشید کو گرفتار کر لیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ان کے گھر سے گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

شیخ رشید کے وکیل عبدالرازق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شیخ رشید کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے، ان کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

وکیل نے بتایا کہ شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ نہیں، 10 مئی کو اسلام آباد میں ریلی نکالنے پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

- Advertisement -

عبدالرازق نے کہا کہ ان کے بارے میں معلومات نہیں کہ کہاں لے جایا گیا ہے، شیخ رشید تک رسائی کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر 9 مئی کے روز ہونے والے پُرتشدد واقعات کے بعد سے شیخ رشید روپوش تھے، تاہم اس دوران وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغامات جاری کرتے رہے۔

چند روز قبل انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا حالات بہتری کی طرف لے کر جانے پڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی ملک کے مسائل کا حل نکلے گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے جاتے، افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جا رہا لیکن اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ استحکام نہیں آئے گا تو حالات سنگین اور گھمبیر ہو جائیں گے، ستمبر اہم ترین مہینہ ہے دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کیلیے خوش آئند ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں