فیصل آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے چلانے کے لیے بہت پیچھے رہ گئے ہیں اسپیڈ بڑھانی ہوگی، اپنی مدد آپ کے تحت 20 ٹرینیں چلائی ہیں۔ 2 بلین ڈالر کی اورنج لائن ٹرین بنا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کے فیصلوں کو سراہا ہے، کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے پر سلام پیش کرتا ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آزاد خارجہ پالیسی کے لیے ضروری ہے کہ معیشت مضبوط ہو، ریلوے کے 35 ارب پنشن اور 21 ارب روپے تنخواہوں میں چلے جاتے ہیں۔ 2 بلین ڈالر کی اورنج لائن ٹرین بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فریٹ ٹرینیں تیار ہیں بہت اچھے سرمایہ کاروں کی ضرورت ہے، فیصل آباد کے تاجر چاہیں تو اپنی ٹرین لے آئیں میں تیار ہوں۔ ایم ایل ون بنانے جا رہے ہیں جس سے لاہور اور کراچی میں فاصلہ کم ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسپیڈ سے پٹری کا بڑا تعلق ہے، پٹری اچھی ہوگی تو اسپیڈ بھی ہوگی۔ اپنی مدد آپ کے تحت 20 ٹرینیں چلائی ہیں۔ ریلوے نہیں چلے گی تو معیشت بھی کمزور ہوگی، ریلوے چلانے کے لیے بہت پیچھے رہ گئے ہیں اسپیڈ بڑھانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سر سید ایکسپریس ٹرین ہم سے لے لیں فیول اور کرایہ دے دیں، عمران خان کا حوصلہ ہے ملک کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول کو میں نے معاف کردیا ہے، بلاول بھٹو کے ساتھ صلح ہوگئی ہے۔