اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم لاہور دھماکے کے پیچھےکونسی تنظیم ہے، بحثیت وزیر داخلہ ابھی بتانے کی پوزیشن میں نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور واقعے کے پیچھے کون سی آرگنائیزشن ہے بحثیت وزیر داخلہ ابھی بتانے کی پوزیشن میں نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلا م آباد میں سال کے پہلے دہشت گرد واقعے پرٹی ٹی پی نے ذمہ داری قبول کی، کوشش ہے طالبان کے ذریعے معاملات بہتر ہوں اگر نہیں ہوتے تو ہم ہر برے حالات کے لئے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کے راستے بند نہیں ہوئے لیکن مذاکرات میں کامیابی بھی نہیں ہوئی، دہشت گردی کےواقعات کا جائزہ لےرہے ہیں،اس کے خاص مقاصد ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات ہورہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان بارڈر پرصرف بیس کلومیٹرکی باڑ جبکہ ایران پردوسوکلو میٹر کی باڑ رہ گئی ہے، جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
شیخ رشید نے مزید کہا خون دینا اچھی بات ہے اورسب لوگوں کو ان واقعات پرخون دیناچاہئے، کسی کے ساتھ خون دیتےوقت مسائل ہوئے میں اسکی تفتیش کروں گا۔