راولپنڈی:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہماری تیاری پوری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ گھروں میں رہنا ہمارے لوگوں کے مزاج کے خلاف ہے، ابھی ایسے حالات نہیں کہ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان لاک ڈاؤن میں چلاگیا تو حالات اور زیادہ خراب ہو جائیں گے، پاکستان، بھارت ، بنگلادیش، سری لنکا میں صورت حال زیادہ خراب نہیں دیکھ رہا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اللہ کرے ایسے حالات نہ ہوں، کرونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہماری تیاری پوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آج شاپنگ کی ہے، بازاروں میں آٹا، دال چینی سب موجود ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عوام پولیس کے ہاتھوں نہیں رکیں گے، فوج کو بلانا ہوگا، راول ڈیم کے اطراف پکنک پوائنٹس عوام سے بھرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پوری سیاسی قیادت کو ساتھ بٹھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 730 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 13 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔