اشتہار

’جو وزیراعظم عدلیہ کا حکم نہ مانے اسکےاعتماد کے ووٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو وزیراعظم عدلیہ کے احکامات نہ مانے اس کے اعتماد کے ووٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا جس میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور پی ڈی ایم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کھسیانی بلی کھمبا نوچ رہی ہے، حلف کے ساتھ ہی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کردیا۔ جو وزیراعظم عدلیہ کے حکم کو نہ مانے اس کے اعتماد کے ووٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

- Advertisement -

 

ان کا کہنا تھا کہ یہ سول نافرمانی کی شروعات ہیں، جب عدلیہ کے فیصلوں کا احترام نہیں ہوگا تو حکومتی فیصلوں کو بھی عوام نہیں مانے گی۔

سینیئر سیاستدان نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں مزید کہا کہ جس ڈار نے معیشت کو ڈبویا وہ الیکشن مذاکرات کا بھی حشر کر دے گا۔ مذکراتی کمیٹی نے صرف اسمبلیوں کے ٹوٹنے اور الیکشن کی تاریخ طے کرنی ہے۔ جو ایک سال میں الیکشن کی طرف نہیں آئے وہ تین دن میں کیسے آئیں گے؟

 

سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کی ناکامی اور الیکشن کے تاخیری حربے ان کی بدنیتی ثابت کردیں گے۔ آصف زرداری اپنے داؤ پر بیٹھے ہیں جب کہ فضل الرحمان کی ضد سیاسی قبر کھود دے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے خلاف حکومت نے اعلان جنگ کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف نازیبا زبان استعمال کرنا آئین شکنی اور سیاسی موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ بالآخر حکومت کو شکست ہوگی اورعدلیہ جیتے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئین جیتے گا اور مئی کے پہلے ہفتے تک عدلیہ کے فیصلوں کا تعین ہو جائے گا۔ الیکشن ہو کر رہیں گے اور آئین وقانون کی بلادستی قائم ہوگی۔

 

سینیئر سیاستدان نے کہا کہ 21 ارب روپے فنڈز فراہمی کا سپریم کورٹ کا حکم اب بھی قائم ہے۔ اس فیصلے سے منحرف ہونا بھی توہین عدالت ہوگی۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے الیکشن فنڈ پر رپورٹ مانگ لی ہے۔ عدالت نے اس معاملے پر جس تحمل اور دور اندیشی کا ثبوت دیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں