لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گردی کےلیےلوگ ملک میں داخل ہوچکےہیں ، پشاور اور کوئٹہ کے جلسے لیے دعاگو ہوں، کوئی سانحہ رونما ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فریٹ کی آن لائن سروس شروع ہوچکی ہے ، 12 تاریخ کو 8ٹرینیں پرائیویٹائز کرنے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پر90فیصد قوم پاک فوج اوراداروں سے پیار کرتی ہے ، 90 فیصد قوم پاک فوج کو پاکستان کی عظمت سمجھتی ہے ، دس فیصد لوگ مایوس ، شکست خوردہ لوگ ہیں جبکہ 120احتساب عدالتوں کےقیام اورروزسماعت کے فیصلے سے جمہوریت مستحکم ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ دہشت گردی کےلیےلوگ ملک میں داخل ہوچکےہیں ، ٹی ٹی پی آرگنائزہورہی ہے، اس کےپاس بھارتی پیسہ ہے، پشاور اور کوئٹہ کے جلسے لیے دعاگو ہوں، کوئی سانحہ رونماہوسکتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہہ رہےعمران خان دسمبر یا جنوری میں جارہاہے، میں کہتاہوں عمران خان کہیں نہیں جارہا ہے، عمران خان نے کہا مشاورت کے لیے تیار ہوں این آراو کے لیے نہیں۔
ملک میں مہنگائی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا اصل مسئلہ مہنگائی ہے جس پرعمران خان 4ہفتےمیں قابوپالیں گے، ملک میں گندم کے ٹرک کھڑے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جلسےجلوسوں سےحکومت کہیں نہیں جارہی ، جنوری اورفروری کے درمیان جھاڑو پھر جائے گی، پاک فوج اور حکومت جمہوریت کی نشاندہی کے پیچ پر ہیں۔
نواز شریف کی واپسی سے متعلق وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان کی پوری کوشش ہےکہ نواز شریف کو لایا جائے جبکہ شہباز شریف کا کیس بہت سیریس ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی وقت پر پی ڈی ایم کے وہ فیصلے نہیں مانےگی جس سےجمہوریت کو نقصان ہو، مریم نواز نے 10ماہ انتظار کیا بات نہیں بنی تو میدان میں آنے کے سواراستہ نہیں تھا، ادارے اورفوج کسی ایک کےنہیں سب کے ہیں۔