جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

بجلی کا بل ٹھیک کرانے آئی معمر خاتون کو گھسیٹ کر گیٹ سے باہر نکالنے والا لیسکو گارڈ معطل

اشتہار

حیرت انگیز

شیخوپورہ : پاور ڈویژن شیخوپورہ نے معمر خاتون سے بدتمیزی اور ناروا سلوک پر سخت اقدامات کرتے ہوئے سیکورٹی گارڈ کو فورا معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں لیسکو گارڈ کی معمر خاتون سے بے توقیری کے واقعے پر پاور ڈویژن کا سخت ردعمل سامنے آیا۔

پاور ڈویژن نے شیخوپورہ سرکل میں لیسکو گارڈ کو فوری طور پر معطل کردیا ، ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی گارڈ کے خلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہے ، سیکورٹی گارڈ اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے، قانون شکنی اور عوام کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام ڈسکوز کو فوری اقدامات اور ہدایات تمام دفاتر کو جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور سیکورٹی گارڈ کو نوکری سے برخاست کرنے کیلیے محکمانہ کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔

مزید پڑھیں : بجلی کا بل ٹھیک کروانے آئی خاتون کو گارڈ نے گھسیٹ کر باہر نکال دیا

ترجمان کے مطابق تین دن کے اندر انکواری رپورٹ مکمل کرنے کے احکامات جاری ہوئے ہیں، بجلی کے صارفین ہمارے لئے انتہائی معزز ہیں پاور ڈویژن اس انفرادی عمل پر معمر خاتون اور دیگر صارفین سے معذرت خواہ ہے۔

گذشتہ روز واپڈا کمپلیکس شیخوپورہ میں بزرگ خاتون سے انسانیت سوزواقعہ پیش آیا تھا ، جہاں بجلی بل ٹھیک کرانے آئی بزرگ خاتون سے سیکیورٹی گارڈ نے نارواسلوک کیا تھا۔

بزرگ خاتون سیکیورٹی گارڈ کی منت سماجت کرتی رہی لیکن سیکیورٹی گارڈ نے بزرگ خاتون کو گھسیٹ کر گیٹ سے باہرنکال دیا تھا۔

بزرگ خاتون سے انسانیت سوز سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ایس سی او واپڈا نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا اور کہا تھا کہ کسی کے ساتھ ناروا سلوک قبول نہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں