بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

شیرشاہ دھماکا: نالے میں گرنے والا کیمیکل کہاں سے آتا ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے شیرشاہ میں پراچہ چوک پر نالے پر واقع ایک عمارت دھماکے سے منہدم ہونے سے اب تک 11 افراد جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، بی ڈی ایس حکام کا دھماکے کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ نالے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ہوا، کے ایم سی کیماڑی حکام نے بتایا ہے کہ شیرشاہ نالے میں سائٹ ایریا کی فیکٹریوں کا کیمیکل آ کر گرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شیرشاہ دھماکے کے واقعے کے حوالے سے کے ایم سی کیماڑی کے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نالے میں دھماکا کیمیکل پانی کی گیس بھرنے سے ہوا ہے، اور اس نالے میں سائٹ ایریا کی فیکٹریوں سے کیمیکل والا پانی گرتا ہے۔

حکام کے مطابق 14 فٹ کا یہ نالہ سائٹ ایسوسی ایشن کی حدود میں آتا ہے، شیرشاہ نالے کی گزشتہ کئی سال سے صفائی نہیں ہوئی، جب کہ نالے کی صفائی سائٹ ایسوسی ایشن ہی کی ذمے داری ہے۔

- Advertisement -

کے ایم سی حکام نے بتایا کہ 20 کلو میٹر طویل اور چودہ فٹ چوڑا یہ نالہ لیاری ندی تک جاتا ہے، شیرشاہ نالے پر مکانات اور دیگر تجاوزات بھی قائم ہیں۔

پراچہ چوک شیرشاہ میں دھماکے کی وجہ سامنے آ گئی

واضح رہے کہ آج کراچی میں شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب دھماکا ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، پولیس کے مطابق دھماکے میں 11 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہوئے، متاثرہ عمارت دو منزلہ تھی اور نالے پر تعمیر کی گئی تھی، جس میں بینک اور دیگر دفاتر بھی موجود تھے۔

ملبے کے نیچے لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جائے وقوعہ پر بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں