اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان عرصے سے بحران کی طرف جارہا ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ حکمران جماعت کا خوشامدی طبقہ اس بحران کا ذمہ دار ہے۔
شیری رحمان اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی پریس کانفرنس پر ردعمل دے رہی تھیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثارمیٹنگزمیں نہ بلانے پرتحفظات کا اظہار کررہے ہیں جس سے لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن میں تبدیلی آرہی ہے کہ کوئی بڑا فیصلہ ہونے والا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی اور نہیں بلکہ خود مسلم لیگ (ن) کا درباری ٹولہ حکومت کو اس نہج پرلے آیا ہے کہ جس سے واضح طور پر پتہ چل رہا ہے کہ اس وقت حکمراں جماعت میں سیاسی سینہ زوری چل رہی ہے۔
پاناما کا فیصلہ آتے ہی استعفیٰ دے دوں گا‘ چودھری نثار
رہنما پی پی شیری رحمان نے کہا کہ خوشامدی گروپ وزیراعظم نوازشریف کو ڈٹے رہنے کا مشورہ دیتا ہے تاہم اس نازک موڑ پر لیگی رہنماؤں کے لیے اہم بات یہ ہے کہ سوچ سمجھ کرفیصلہ کیا جائے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کا فیصلہ جتنا جلدی ممکن ہو آجائے تو ملک کے لیے اتنا ہی اچھا ہوگا تاکہ غیر یقینی کیفیت سے باہر بکلا جا سکے۔