اسلام آباد : وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لئے جہادکر رہی ہے،ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھنے کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی کا نجی یونیورسٹی لاہورمیں لیکچر دیتے ہوئے کہا منشیات ہماری نسل کو تباہ کررہی ہے، بچوں کے کردار کی حفاظت والدین کی ذمہ داری ہے، شیشے کا استعمال باصلاحیت نسل کو گھن کی طرح چاٹ رہاہے۔
شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے جہاد کررہی ہے، طالبعلم اپنے ساتھیوں کو منشیات کے استعمال سے بچائیں، طالبعلموں کے ڈرگ ٹیسٹ اور ان کے علاج کا پلان بنایا، ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھنے کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کسی کی عزت نفس کو مجروح کرکے ذمہ دارشہری نہیں بنا سکتے، پاکستان میں 50 فیصد ایچ آئی وی انجکشن کے نشے سے پھیلا، اسلام نے دنیا کو کردار اور اخلاق سازی کے رہنما اصول دیئے، چرس، کوکین ، شیشہ یہ فیشن نہیں ذلت ورسوائی کے گڑھے ہیں۔
یاد رہے چند روز سندھ اور وفاق نے ملک میں انسداد نارکوٹکس پر سمجھوتا نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، وزیر سیفران شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ انسداد نارکوٹکس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، منسٹری آف نارکوٹکس سندھ حکومت سے تعاون کرے گی ، سکھر اور کراچی میں منسٹر آف نارکوٹکس کے سینٹرز ہیں۔
اس سے قبل وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ہماری نسل اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔